کنگن/ / محکمہ وائلڈ لائف نے سیاحوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2003اور2004کے دوران معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ایک پارک کا قیام عمل میں لایااوراس پارک میں داخل ہونے کیلئے 25روپے فی ٹکٹ کی صورت میں ادا کرنے پڑتے ہیں لیکن اس کے باوجود پارک میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔محکمہ وائلڈ لائف ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں اور دیگر ذرائع سے حاصل کی جارہی آمدنی کو پارک جاذب نظر بنانے کے بجائے دوسرے کاموں پر خرچ کیا جارہا ہے۔اس دوران سونہ مرگ آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف نے یہاںسینکچوری پارک بنانے کا اعلان کیا ہے لیکن ان دس برسوں کے دوران یہاں کسی بھی جنگلی جانور کو نہیں دیکھا گیا ۔فیس کی ادائیگی کے باوجود پارک میں نہ تو بیٹھنے کے لئے کہیں کوئی موزون جگہ میسر ہے اور نہ ہی دیگر سہولیات دستیاب تاکہ سیاح فرصت کے لمحات سکون سے گذار سکتے ۔پارک میں داخل ہونے کیلئے جہاں ایک ٹکٹ 25روپے مقرر کی گئی ہے وہیں فی گاڑی 20روپے لئے جاتے ہیں ۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ پارک میں بیت الخلاء اور کھانے پینے کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انہیں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی تاجروں اورسیاحوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ تھجواس میں قائم اس پارک کو جاذب نظر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ سیاح لطف اندوز ہوسکیں۔محکمہ وائلڈ لائف کے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اِس پارک کے نام پر گذشتہ دس برسوں کے دوران حاصل شدہ آمدنی کو دوسری جگہوں پر خرچ کیا گیا ہے اوراس خوبصورت مقام کو جاذب نظر بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت نے متعلقہ ڈی ایف او کو ہدایت دی کہ تھجواس میں بیت الخلا ، پارک اور دیگر سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے فوری طور اقدامات کئے جائیںلیکن ایک ماہ سے زائد کا عرصہ بھی گذر چکا اور محکمہ نے ابھی تک اس سلسلے میںکوئی اقدام نہیں کیا ۔