جموں//گوجربکروال کانفرنس نے حال ہی میں ریاستی حکومت کی طرف سے مختلف بورڈوں کے وائس چیئرمینوں کی نامزدگی میں گوجربکروال طبقہ کو نمائندگی نہ دینے کاالزام عائدکیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں گوجربکروال کانفرنس کے صدر حاجی یوسف ،جنرل سیکریٹری یاسین پوسوال اورمحمدآصف لودھی نے کہاکہ حکومت کی طرف سے گوجربکروال طبقہ کواس کاجائزحق نہیں دیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کے لوگ کسمپرسی کی حالت میں ہیں اوربے شمارمسائل میں طبقہ مبتلاہے لیکن حکومت طبقہ کی حالت زارکو بہتربنانے میں غیرسنجیدگی کامظاہرہ کررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں بنائے گئے مختلف بورڈ وائس چیئرمینوں کی تقریری میں طبقہ کونظرانداز کیاگیاہے۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی ایم ایل سی نشستوں پرگوجربکروال طبقہ کے قابل امیدواروں کوکھڑاکرکے طبقہ کے ساتھ انصاف کیاجائے۔