یواین آئی
کاٹھمنڈو/نیپال کے شمال مشرق میں برفانی تودہ گرنے سے 7 کوہ پیما زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 4 لاپتہ ہوگئے ، مرنے والوں میں پانچ غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی تودہ 15 افراد کی ٹیم سے اس وقت ٹکرایا جب وہ پہاڑ یالونگ ری Mount Yalung Ri پر اپنا سفر جاری رکھے ہوئے تھے ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق برفانی تودے کے نیچے تمام افراد دب گئے ، ہمیں معلومات دیر سے موصول ہوئیں اور خراب موسم کے باعث ریسکیو کے عمل میں بھی تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں تین فرانسیسی کوہ پیما، ایک کناڈیئن، ایک اطالوی اور دو نیپالی ہلاک ہوئے ۔ چار نیپالی کوہ پیما جو زخمی ہوئے تھے انہیں نکال لیا گیا ہے ، جبکہ چار دیگر، جن کا تعلق نیپال سے تھا، لاپتہ ہیں۔ ایک زخمی کوہ پیما نے میڈیا کو بتایا کہ کوہ پیماؤں نے مدد کے لیے پکارا تھا لیکن گھنٹوں تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ کوہ پیما کا کہنا تھا کہ ہم نے چیخیں ماریں اور مدد کے لیے پکارا، لیکن کوئی بھی ہم تک نہیں پہنچ سکا۔ ہمیں بتایا گیا کہ چار گھنٹے بعد ہیلی کاپٹر آئے گا لیکن تب تک ہمارے کئی دوست جا چکے تھے ۔ وادی میں کئی دنوں تک مسلسل برف باری اور موسم کی خراب صورتحال تھی۔ پولیس کے مطابق شدید برف باری اور بادلوں کی وجہ سے علاقے میں ہیلی کاپٹر نہیں اڑائے جا سکے لیکن آخر کار ایک طیارہ پیر کی شام اس علاقے میں پہنچا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اٹلی کے صوبے جنوبی ٹائرول میں بھی افسوسناک حادثہ رونما ہوا تھا، برفانی تودہ گرنے کے باعث 5 جرمن کوہ پیما ہلاک ہوگئے تھے ۔ رپورٹس کے مطابق دو مختلف واقعات میں ہلاک پانچوں جرمن کوہ پیماؤں کی لاشوں کو برف سے باہر نکال لیا گیا ہے ۔ مرنے والوں میں ایک خاتون کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ اٹلی کے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والی خاتون کے والد بھی اس حادثے کا شکار ہوئے ، اور پانچ افراد میں وہ بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جرمن کوہ پیما الگ الگ گروپس کا حصہ تھے ، تین لوگوں کا ایک گروپ تو برفانی تودے میں مکمل بہہ گیا اور تینوں ہی جان کی بازی ہار گئے ۔