سرینگر//نیو کالونی لال بازار میں پبلک پارک عدم توجہی کے سبب خستہ حال بن گئی اور آوارہ جانوروں کی آماجگاہ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ سی این آئی کے مطابق نیو کالونی لال بازار میں پبلک پارک کو عوام کی راحت کیلئے بنائی گئی تھی لیکن اب یہ اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ پارک میں بیٹھنا اور ٹہلنا دور کی بات ہے ، اس طرف دیکھا بھی نہیں جاسکتا ہے ۔ قریب 2کنال رقبہ پر مشتمل پبلک پارک کو اب ریت ، بجری ، اینٹیں اور دیگر تعمیراتی مواد ڈالنے کیلئے استعمال کی جاتی جبکہ پارک میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جگہ جگہ موجود ہیں ۔پارک کی دیورا بھی خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پارک میں کتوں کی بڑی تعداد اور آوارہ جانورآسانی کے ساتھ داخل ہوجاتے ہے جبکہ کتوں نے پارک کو اپنا مستقل ٹھکانہ بنایا ہے ۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوںنے متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت برہمی اور ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ محکمہ پارک کی طرف دھیان دیتا تو پارک اس قدر خستہ حال نہیں ہوتی ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ پارک کی تجدید و مرمت کیلئے کئی بار متعلقہ محکمہ سے اپیل کی گئی تاہم اس جاب کوئی توجہ نہیں دی گئی اور دن بدن پارک خستہ حالی کا شکار ہورہی ہے۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ پارک کو لوگوں کے بیٹھنے اور چہل قدمی کیلئے بنایا گیا تھا لیکن پارک کی حالت ایسی ہے کہ لوگ اس پارک میں قدم بھی نہیں رکھ رہے ہیں ۔ مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر ہاوسنگ بورڈ اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ پارک کی تجدید و مرمت کے کام کو فی الفور شروع کروائیں تاکہ عوام کو راحت ملے اور پارک کی شان رفتہ بحال ہو۔