سرینگر// نیوہ پلوامہ میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک جواں سال سومو ڈرائیور کو پر اسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کے12بجے پلوامہ کے نیوہ گائوں کے نزدیک اسی گائوں کے رہنے والے 24سالہ شبیر احمد وانی ولد غلام احمد کی لاش پر اسرار حالات میں برآمد کی گئی۔اس بارے میں جب مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس کی ایک ٹیم نے شبیر احمد کی لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔ وہ پیشہ سے ایک سومو ڈرائیور تھا اور گزشتہ شب کو گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں لوٹا تھا۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ڈرائیور کے جسم پر ظاہری طور تشدد یا گولی کا کوئی نشان نہیں ہے، البتہ اس کی کلائی پرکسی تیز دھار والے اوزار کے زخم کا نشان تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس کی موت کی وجہ کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔ لوگ اس واقعہ کے بارے میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کررہے ہیںتاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت سی آر پی سی کی دفعہ174کے تحت کیس رجسٹر کرکے چھان بین کا آغاز کیا گیا ہے۔