سوپور//قصبہ سوپور میں بیشتر اندرونی سڑکوں کی ناگفتہ بہہ صورتحال کی وجہ سے لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بلہ لین نیو کالونی میں اندرونی سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب نہ صرف راہگیروں بلکہ نجی گاڑیاں چلانے والوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی آبادی کا الزام ہے کہ محکمہ بلدیات نے علاقہ میںصفائی کرمچاریوںکو مامور نہیں کیاہے اور سڑکوں پر جمع گندگی اور کوڑے کرکٹ سے اٹھنے والی عفونت سے مکیوںکا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ علاقہ میں سٹریٹ لائٹس بھی نصب نہیں کی گئیں ہیں جبکہ آر اینڈ بی محکمہ نے آج تک اس رابطہ سڑک کو قابل آمدورفت نہیں بنایا۔ اقبال نگر اور شالیمار کالونی سوپور کے مکینوں کاکہنا ہے کہ علاقوں کی اندرونی سڑکوں پرکئی برسوں سے میگڈم نہیں بچھایاگیاہے اور گہرے کھڈ ہونے سے یہ بارشوںمیں تالاب میں بدل جاتے ہیں جبکہ گرمیوں میں گردوغبار سے شہری بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔ مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ عوامی اہمیت کے حامل ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔