عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی داخلہ سکریٹری اے کے بھلا نے کشمیر اور راجوری اور پونچھ کے کچھ حصوں میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا کیونکہ وادی کی تین لوک سبھا سیٹوں اور جموں ڈویژن کے جڑواں سرحدی اضلاع میں اگلے تین مرحلوں میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔سول اور پولیس انتظامیہ، نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔بھلا نے تین پارلیمانی سیٹوں کے لیے سیکورٹی کا جائزہ لینے کے مقصد سے خاص طور پر سرینگر کا مختصر دورہ کیا ۔ سرینگر لوک سبھا سیٹ پر 13مئی کو، بارہمولہ پر پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو اور چھٹے مرحلے میں اننت ناگ- پونچھ- راجوری سیٹ پر 25 مئی کو انتخابات ہوں گے۔عہدیداروں نے بتایا کہ سری نگر میں تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں چیف سکریٹری اتل ڈلو، پرنسپل سکریٹری داخلہ چندراکر بھارتی، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی)آر آر سوین، ایڈیشنل ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) وجے کمار، ایڈیشنل ڈی جی پی جموں زون آنند جین، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری، آئی جی پی سری نگر وی کے بردی، سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران، نیم فوجی دستوں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔میٹنگ کے فورا ًبعد واپس چلے گئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ داخلہ سکریٹری نے مبینہ طور پر وادی کشمیر کے تینوں حلقوں میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے اعتماد سازی کے تمام اقدامات لینے پر زور دیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ لوگ بغیر کسی خوف کے ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلیں اور ووٹرز کے ذہن میں دہشت گردوں کا کوئی خطرہ نہ ہو۔ہوم سکریٹری نے راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔اب تک جموں و کشمیر کے کسی بھی حصے میں الیکشن سے متعلق کوئی پرتشدد واقعہ نہیں ہوا ہے۔ جموں ڈویژن کی دو سیٹوں پر ووٹنگ پرامن طریقے سے ختم ہوئی جبکہ سری نگر سیٹ پر انتخابی مہم کافی پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی جس میں مختلف مقامات پر امیدواروں نے ریلیاں نکالیں جن میں شہر کے مرکز سری نگر بھی شامل تھا جو کبھی دہشت گردوں کا گڑھ جانا جاتا تھا۔بارہمولہ اور اننت ناگ-پونچھ-راجوری سیٹوں پر بھی انتخابی مہم پرامن طریقے سے جاری ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ سول اور پولیس انتظامیہ، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے مرکزی داخلہ سکریٹری کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور وادی کی تین پارلیمانی نشستوں پر تشدد سے پاک ووٹنگ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔واضح رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے پارلیمانی انتخابات کے لیے جموں و کشمیر میں نیم فوجی دستوں کی تقریبا 635 اضافی کمپنیاں تعینات کی ہیں۔