نئی دہلی// کیجریوال حکومت پر سی بی آئی مسلسل شکنجہ کستی جا رہی ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے گھر سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے بعد اب آج وزیر صحت ستیندر جین کے گھر سی بی آئی پہنچی ہے۔ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ سی بی آئی چھاپہ ماری ہے یا آج پھر جانچ ایجنسی ان کے گھر پوچھ گچھ کے لئے ہی پہنچی ہے۔ غور طلب ہے کہ کچھ دن پہلے ہی منیش سسودیا کے گھر سی بی آئی پہنچی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ چھاپہ ماری ٹاک ٹو اے کے پروگرام میں ہوئی بدعنوانی کو لے کر ہوئی ہے۔ اگرچہ سی بی آئی نے اسے صرف رسمی پوچھ گچھ بتایا تھا۔دراصل معاملہ یہ ہے کہ جب پانچ ریاستوں میں انتخابات تھے تو اس دوران دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے عوام سے بات کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک پروگرام چلایا تھا۔ وہ پروگرام تھا ٹاک 2 اے کے۔ شکایت درج کرائی گئی تھی کہ اس پروگرام کے لئے دہلی حکومت نے سرکاری پیسے کا استعمال کیا ہے۔ جب یہ معاملہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس گیا تو انہوں نے اس کی جانچ سی بی آئی کو سونپی تھی۔ آج اسی معاملے کو لے کر سی بی آئی نے چھاپہ ماری کی ہے۔