پونچھ//آٹو یونین پونچھ کے صدر کے عہدے کیلئے انتخابات عمل میں لائے گئے۔اس دوران بس اڈہ پونچھ پر سینکڑوں کی تعداد میں آٹو ڈرائیوروں اور ان کے مالکان نے جمع ہو کر ایک بار پھر سے نیشو شرما کو یونین کا صدر با اتفاق رائے منتخب کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نیشو شرما نے اس سے قبل بحیثیت صدر نہایت ہی عمدہ کام کیا ہے اس لئے وہ سبھی چاہتے ہیں کہ انھیں مزید موقع فراہم کیاجائے تاکہ آٹو ڈرائیوروں کے مسائل حل کئے جائیں۔ اس موقع پر موجود تمام لوگوں نے نیشو شرما کو ہار پہنا کر مبارک باد پیش کیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نو منتخب صدر نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ جو بھروسہ ان پر آٹو یونین کے ممبران نے کیا ہے وہ اس پر کھرا اتریں۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر کوشش کریں گے کہ ڈرائیوروں کے مسائل کا ازالہ کیا جائے اور پونچھ قصبہ میں ٹریفک نظام کو درست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کوشش کر رہی ہے لیکن چونکہ مسافر گاڑیو اور دوسری نجی گاڑیوں کے مالکان ان کا تعاون نہیں کر رہے ہیں اس لئے انھیں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ پونچھ کا ٹریفک نظام درست ہو۔انہوں نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔