سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کی واحد ایسی سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت ہے جس کی جڑیں اسی ریاست میں پیوست ہے اور یہی وہ جماعت ہے جو موجودہ حکومت اور کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال جس طرح عدلیہ کا سہارا لیکر دفعہ35اے کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، اُس وقت نیشنل کانفرنس نے اس دفعہ کو بچانے اور اس کی اہمیت و افادیت کیلئے خصوصی مہم چھیڑ کر جو رول نبھایا وہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کا ہل والا جھنڈا اونچا رہے گا تب تک یہاں کے تینوں خطوں کی وحدت، انفرادیت ، اجتماعیت اور دفعہ370کو کوئی بھی زک نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کی ضامن صرف اور صرف نیشنل کانفرنس ہی ہوسکتی ہے اس لئے عوام کو اپنی اس آبائی جماعت کو بھر پور اشتراک دیکر دفعہ 370کی رکھوالی میں اپنا رول نبھانا ہوگا۔ صدرِ نیشنل کانفرنس کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ اس جماعت کیخلاف ہر سمت سے سازشیں جاری ہیں اور اسے مرعوب کرنے کیلئے ہر ہتھکنڈا اپنایا گیا ، جس کے انکشافات وقت وقت پر ہوئے اور آج بھی ہورہے ہیں۔ لیکن لوگوں کے بھر پور تعاون اور اشتراک سے ہر بار دشمنوں کی چالیں اور سازشیں ریت کی دیوار ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس آج بھی عوام کے دلوں میں بستی ہے ، جو وقت نے بار بار ثابت کر کے دکھایا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آج بھی اپنے شہدا ء کے خوشحال، خودکفیل، خودمختار اور خوشحال کشمیر کے مشن پر گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ لوگ ریاست جموں کشمیر کیلئے اٹانومی بحال ہوجانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میںکوئی دوسری جماعت نیشنل کانفرنس کی ثانی نہیں ہوسکتی ہے کیونکہ اسی تنظیم کے قائدین نے عوام کو شخصی نظام سے نجات دلانے اور بنیادی حقوق دلانے کیلئے زبردست جنگ لڑی ہے اور سالہا سال تک قید خانوں میں صعوبتیں جھیل کر ایک تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے ہر دکھ سکھ میں پیش پیش رہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوام کیساتھ قریبی رابطہ ہی پارٹی کی مضبوطی کی علامت ہے ۔