گاندربل//غلام نبی راتھر کو گاندربل کیلئے نیشنل کانفرنس کا ضلع صدربلا مقابلہ منتخب کیاگیا۔تنظیم کے ضلع دفترمیں جمعرات کو کارکنوں اور عہدیداروں کی موجودگی میں ضلع صدرکاانتخاب عمل میں لایاگیا۔نیشنل کانفرنس کے سینئررہنماڈاکٹربشیراحمد ویری نے انتخاب کی نگرانی کی جبکہ جگجیت سنگھ آزاداور سعیدتوقیر مبصرین کے طور موجودتھے۔اس موقعہ پرذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ویری نے کہا کہ ضلع گاندربل میں نیشنل کانفرنس صدر کے چنائو کیلئے ایک ماہ قبل نوٹیفیکیشن جاری کی گئی تھی تاہم آج سابق ضلع صدراشفاق جبار لون کے پارٹی کے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعدعجیب صورتحال پیداہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چاہاتھا کہ وہ بھی ضلع صدرچنائو میں حصہ لیں لیکن انہوں نے پارٹی دفتر آنے کی زحمت بھی گوارانہیں کی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مجھے اور پارٹی کو یقین ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کے کارکن کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔ غلام نبی راتھر نے سال 2007 تا 2008 تک سرینگر کے ڈپٹی میئر کے طور کام کیا۔نئے منتخب ہوئے ضلع صدر گاندربل غلام نبی راتھر نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی کی جانب سے جو ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے اسے وہ نیک نیتی اور سب کے ساتھ مل کر نبھائیں گے۔