محمد تسکین
بانہال// ممبر اسمبلی بانہال اور نیشنل کانفرنس کے سنئیر لیڈر سجاد شاہین نے دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور جنگ بندی کیلئے کامیاب کردار ادا کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دیرپا امن قائم کرنے کیلئے نزدیک آنا چاہئے اور اس جدید دور کے سماج میں جنگ کی تباہی کیلئے لوگ تیار نہیں ہیں اور سب امن چاہتے ہیں۔ ممبر اسمبلی سجاد شاہین نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جنگ سے کسی مسئلہ کا حل نہیں نکلا ہے اور سیز فائر کے بعد قائم امن میں جموں و کشمیر کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال کی بنیادی وجوہات کو جاننا اور ان کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں جاں و مال کے نقصانات سے رنجیدہ ہیں اور ہزاروں لوگوں نے ہجرت کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا ۔ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین محکمہ صحت اور محکمہ آیوش کی طرف سے بانہال میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات کر رہے تھے ۔۔