بلال فرقانی
سرینگر//بزرگ سیاست دان اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے جمعہ کو نیشنل کانفرنس کے صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدہ نئی نسل کو سونپنے کا وقت ہے۔ڈا کٹر فاروق نے کہا’’میں اب صدر کے عہدے کے لیے الیکشن نہیں لڑوں گا، اس عہدے کے لئے انتخابات 5دسمبر کو ہوں گے، اب وقت آگیا ہے کہ نئی نسل ذمہ داریاں سنبھالے،”۔ عبداللہ، جو رکن پارلیمنٹ ہیں، نے کہا’’پارٹی سے کوئی بھی شخص اس عہدے کے لئے الیکشن لڑ سکتا ہے،یہ ایک جمہوری مشق ہے،” ۔
بڑے پیمانے پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ 85 سالہ عبداللہ پارٹی سرپرست کا کردار سنبھالیں گے۔ادھر عمر عبداللہ نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے استعفیٰ نہیں دیاہے بلکہ وہ صدارتی الیکشن کیلئے امیدوار نہیں ہونگے۔عمر نے کہا کہ اننے والد پارٹی صدارت کے چنائو میں حصہ نہیں لیںگے۔ادھرجنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر(کنوینیر مرکزی الیکشن بورڈ) نے تنظیمی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے، جس میں پارٹی صدر کاانتخاب عمل میں لایا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صدارتی اُمیدوار کیلئے نامزدگی فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ یکم دسمبر 2022 ہے جبکہ صدر کا انتخاب 5دسمبر2022کو عمل میں لایا جائیگا۔