سرینگر//نیشنل کانفرنس کو تمام مصائب کی جڑ قرار دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر اور ایم ایل سی خورشید عالم نے کہا ہے کہ اس جماعت کی غلط پالیسیوں اور بد انتظامی کی وجہ سے کشمیر کے لوگوں کو ہمیشہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سرینگر بڈگام پارلیمانی حلقہ سے پارٹی امیدوار نذیر احمد خان کے حق میں اسمبلی حلقہ خانیار میں ورکروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید عالم نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس کی قیادت نے صحیح پالیسیاں اپنائی ہوتیں تو اس وقت ریاست غیر یقینیت اور مایوسی کے دلدل نہیں ہوتی۔نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے خورشید عالم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جب بھی ان دو جماعتوں نے ہاتھ ملایا تو اُن کا یہ اتحاد اپنے ساتھ کوئی نئی پریشانی ساتھ لایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نیشنل کانفرنس کے تمام گناہوں میں برابر کی شریک رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو لوگوں نے پچھلے انتخابات میں مسترد کیا اور اب اپنی ڈوبتی کشتی کوبچانے کے لئے کانگریس کا سہارا لے رہی ہے ۔اس دوران پارٹی لیڈر اور ممبر اسمبلی انجم فاضلی نے نٹی پورہ کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے خواتین کی متعدد میٹنگوں سے خطاب کیا۔انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔