سرینگر//نیشنل کانفرنس کو ایک بڑی سیاسی قوت قرار دیتے ہوئے پارٹی کے نوجوان لیڈرتنویر صادق نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس آئندہ آنے والے پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں بڑی جیت درج کرے گی۔ خوشحال سر زڈی بل میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی ورکروں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام موجودہ مخلوط اتحاد کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آگئے اور وہ نیشنل کانفرنس کو پھر سے بھر پور منڈیٹ دینے کیلئے بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی کشتی ڈوبنے لگی ہے، قلم دوات جماعت کی کشمیر دشمن اور عوام پالیسیاں اس جماعت کو مکمل طور پر غرق کردیں گی۔جن لوگوں نے اس جماعت کو فریب کاری اور مکاری سے برسراقتدار لایا ، وہ دن دور نہیں جب وہی لوگ اس جماعت کو لے ڈوبیں گے۔ تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کی سیاسی قوت ہے ، اس جماعت کے بانی نے ہی یہاں کے لوگوں میں سیاسی بیداری کا شعور بخشا اور ظلم و چکی کی گہرائی کھائی سے نکالنے اور اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک عظیم سیاسی ورثہ کے وارث ہیں اور ہم پر یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اس جماعت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ آپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مستحکم بنانا ہوگا۔ کنونشن سے صدرِ بلاک مشتاق بیگ، سینئر رکن حاجی غلام مصطفیٰ شاہ، یوتھ بلاک صدر عمران نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعے پر حلقہ صدور، ڈیلی گیٹ بھی موجود تھے۔