عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ نے قومی ڈی وارمنگ ڈے کے تحت بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچانے کے لئے ڈی وارمنگ مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے تحت 179,404 بچوں کو مفت البینڈازول گولیاں فراہم کی جائیں گی، جن میں سرکاری و نجی اسکولوں، مدارس اور آنگن واڑی مراکز کے بچے شامل ہیں۔افتتاحی تقریب گورنمنٹ مڈل اسکول اور آنگن واڑی سینٹر، شیش محل میں منعقد ہوئی، جس میں مقامی طبی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے باضابطہ طور پر مہم کا آغاز کرتے ہوئے 1 سے 19 سال کی عمر کے بچوں کو البینڈازول گولی دی۔حکام نے بتایا کہ یہ مہم 1,726 تعلیمی اداروں میں چلائی جا رہی ہے، جن میں 1,391 سرکاری، 267 نجی اسکولوں اور 68 مدارس کے علاوہ 1,419 آنگن واڑی مراکز میں رجسٹرڈ 36,209 بچے شامل ہیں۔ تمام بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ دوائی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی ڈی وارمنگ ڈے کا مقصد بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچانا ہے تاکہ ان کی مجموعی صحت بہتر ہو سکے۔ انہوں نے اس مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لئے نہایت ضروری ہے تاکہ وہ صحت مند اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر اپنے بچوں کو ڈی وارمنگ دوائی ضرور دلوائیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔مزید بچوں تک پہنچنے کے لئے 17 مارچ 2025 کو ایک مکمل فالو اپ راؤنڈ منعقد کیا جائے گا تاکہ جو بچے کسی وجہ سے پہلی بار دوائی نہ لے سکے، انہیں کور کیا جا سکے۔اس موقع پر پی او آئی سی ڈی ایس خالد حسین وفا، سی ایم او ڈاکٹر پرویز احمد خان، چیف ایجوکیشن آفیسر، سی ڈی پی او عبدالعزیز، اور ڈی پی ایم یونٹ این ایچ ایم کے نمائندگان بھی موجود تھے، جنہوں نے بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لئے اس اجتماعی کوشش کی اہمیت کو اجاگر کیا۔