یو این آئی
نئی دہلی// نیشنل اکالی دل نے اتوار کو جنتر منتر پرہاتھوں میںبجلی میٹر لے کر بجلی کمپنیوں کے خلاف مظاہرہ کیا اور حکومت سے ان کمپنیوں پر لگام لگانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر قومی اکالی دل کے صدر پرم جیت سنگھ پما نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے انتظامات کرے تاکہ صارفین کو موبائل کمپنیوں کی طرز پر بجلی کمپنیوں کا انتخاب کرنے کا موقع ملے۔اس سے صارفین کو کافی ریلیف ملے گا اور صارفین کو فائدہ ہوگا۔پرم جیت سنگھ پما کی صدارت میں پارٹی کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور بجلی کمپنیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی کمپنیوں کی من مانی بند کرنے اور بجلی کے بلوں کو جی ایس ٹی سے آزاد کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر پما کی قیادت میں مرکزی حکومت کے برقی وزیر کو ایک میمورنڈم دیا گیا جس میں مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔یہ اطلاع یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔جب مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف بڑھنے لگے تو پولیس نے انہیں سنسد مارگ پولیس اسٹیشن کے سامنے روک دیا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پما نے کہا کہ حکومت بجلی کمپنیوں کو لگام دے۔ پما نے حکومت سے کہا کہ وہ ایسی اسکیم کا اعلان کرے جس کے ذریعے ٹیلی فون اور موبائل فراہم کرنے والی کمپنیوں کی طرح بجلی کی تقسیم کار کمپنی (DISCOM) کا انتخاب کرنے کا متبادل ہو تاکہ بجلی کمپنیوں کی من مانی کو روکا جاسکے۔ پما نے مزید کہا کہ پہلے موبائل کمپنیوں کو آؤٹ گوئنگ کالز کیلئے 16 روپے فی منٹ اور انکمنگ کالز کیلئے 8 روپے تک ادا کرنا پڑتا تھا لیکن اب زیادہ کمپنیوں کی موجودگی کی وجہ سے مقابلہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ سستی اسکیمیں پیش کرکے وہ صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اسی طرح اگر پاور کمپنیوں میں دوسری کمپنیاں آئیں گی تو صارفین کو سستی اور اچھی سروس ملے گی۔پما نے کہا کہ مرکزی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کمپنیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موبائل کمپنیوں کی طرز پر ایسے انتظامات کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو اپنی مرضی کے مطابق بجلی کمپنی کا انتخاب کرنے کا حق مل سکے۔ ایسے نظام کے نفاذ سے صارفین کو ہزاروں روپے کے بلوں سے بچایا جا سکے گا۔