عظمیٰ نیوز سروس
دھار// وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو مدھیہ پردیش کے دھار میں کہا کہ پاکستان سے آئے دہشت گردوں نے ہماری بہنوں، بیٹیوں کا سنگھار اجاڑ دیا تھا، ہم نے “آپریشن سندور” کرکے دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ پی ایم مودی اپنے جنم دن کے موقع پر مدھیہ پردیش میں ہیں۔وزیراعظم مودی نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ نیا بھارت ہے، یہ کسی کی ایٹمی دھمکیوں سے ڈرتا نہیں ہے۔ یہ نیا بھارت ہے، گھر میں گھس کر مارتا ہے۔انہوں نے کہا کہآج 17 ستمبر کو ایک اور تاریخی موقع ہے۔ آج ہی کے دن ملک نے سردار پٹیل کی فولادی عزم و ہمت کی مثال دیکھی تھی۔ بھارتی فوج نے حیدرآباد کو بے شمار ظلم و ستم سے آزاد کر کے ان کے حقوق کی حفاظت کی اور ہندوستان کے وقار کو دوبارہ قائم کیا۔ ملک کی اس عظیم کامیابی کو کئی دہائیاں گزر گئیں، کوئی یاد کرنے والا نہیں تھا۔ آپ نے مجھے موقع دیا، ہماری حکومت نے اس واقعہ کو امر کر دیا ہے۔‘‘مودی نے پی ایم متر پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارک کاتنے، ڈیزائننگ، پروسیسنگ اور ایکسپورٹ کے لیے ایک مربوط مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ اس موقع پر، انہوں نے 15 لاکھ سے زیادہ خواتین کو وزیرِ اعظم ماتر وندنا یوجنا کے تحت 450 کروڑ روپے سے زیادہ کے فائدے بھی جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 4.5 کروڑ خواتین کو ماتر وندنا یوجنا کا فائدہ ملا ہے۔ اب تک 19,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہِ راست ماؤں اور بہنوں کے بینک کھاتوں میں جمع کی جا چکی ہے۔ آج بھی ایک کلک کے ذریعے 15 لاکھ خواتین تک 450 کروڑ روپے سے زیادہ کا فائدہ پہنچایا گیا۔اس اسکیم کے تحت پہلی بیٹی کی پیدائش پر 5,000 روپے اور دوسری بیٹی کی پیدائش پر 6,000 روپے دیے جاتے ہیں۔ دیوی اہلیابائی ہولکر کو ان کی عوامی فلاحی پالیسیوں اور سماجی و ثقافتی مسائل، خاص طور پر خواتین سے متعلق مسائل کے لیے ان کی وابستگی کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم اور سماجی و مذہبی زندگی میں ان کی شمولیت کو فروغ دیا اور بْنکروں کو ماہیشوری ساڑیاں بنانے میں مدد فراہم کی۔ ان کا کردار آبی ذخائر، سڑکوں اور دھرم شالاؤں کی تعمیر سے لے کر ملک بھر میں مندروں کی مرمت اور دوبارہ تعمیر تک رہا۔اس دوران، وزیرِ اعظم مودی کا 75واں یومِ پیدائش پورے ملک میں منایا جا رہا ہے، جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مختلف پروگراموں کے ساتھ دو ہفتوں تک جاری رہنے والا سیوا پکھواڑا منعقد کر رہی ہے۔