عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نےجموں میں نئے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کو 18ماہ کے اندرمکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔کمپلیکس کی تعمیرکی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی جس میں سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی بھوپندر کمار، سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، ڈی جی بجٹ محمد سلطان، ڈِی جی کوڈز مہیش داس، سیکرٹری جے کے ایل اے منوج کمار پنڈت، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں، ایس اِی آر اینڈ بی ساؤتھ سرکل جموں اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میں کابینہ کے حالیہ فیصلوں کے پیش نظر نئے اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اِنچارج پروجیکٹ ایگزیکٹیو اِنجینئر نے منصوبے کی عمل آوری کے مختلف مراحل پر پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے تفصیلی جانکاری دی ۔سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی نے سپیکر کو بتایا کہ وزارتی کونسل کی ہدایات پر عمل درآمد کے تحت بیلنس ورک کا ڈی پی آر ویٹنگ کے لئے آئی آئی ٹی جموں کو بھیجا گیا ہے۔ جیسے ہی ڈِی پی آر کی ویٹنگ مکمل ہوگی، ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرکیاجائے گا۔اُنہوں نے مزید یقین دہانی کی کہ ٹینڈرنگ کے تمام لوازمات 31؍ مارچ 2025 ء تک مکمل کئے جائیں گے۔سپیکرموصوف نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ کنٹریکٹ دینے کے بعد 18 ماہ کے اندر منصوبے کو مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ جیسے ہی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو، تعمیراتی کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔