ممبئی/ ہندوستان کے بائیں ہاتھ کے سابق تیز گیند باز آشیش نہرا کا خیال ہے کہ دھونی ایک عظیم کپتان کے لئے ان کی پہلی پسند ہیں۔ہندوستان کے سب سے بڑے کرکٹنگ قائد اور چنئی سپر کنگز کو تین وی آئی وی او آئی پی ایل کے خطاب دلانے والے ناقابل فہم شخصیت کے مالک مہندر سنگھ دھونی کو آئی پی ایل کی 13 ویں ایڈیشن کے موقع پر اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ کے ذریعہ آئی پی ایل میں گریٹسٹ آف آل ٹائم (جی او اے ٹی)یعنی عظیم ترین کپتان نامزد کیا گیا ۔حیران کن طور پر جیت کا تناسب 60.11 رکھنے والے کپتان کول نے آئی پی ایل کے عظیم ترین کپتان کے مقابلے میں ممبئی انڈینز کو ریکارڈ چار بار خطاب دلانے والے روہت شرما کو پچھاڑ کر اعزاز اپنے نام کرلیا۔ مہندر سنگھ دھونی ان بہت سے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں ہندوستانی کرکٹ میں قابل پرستش کا درجہ حاصل ہے ۔ دھونی جس وقت ہندستانی ٹیم میں شامل ہوئے اس وقت ہندستانی ٹیم میں کئی عظیم کھلاڑی شامل تھے لیکن 2007 میں ٹیم انڈیا کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ ٹائٹل دلانے کے بعد ہی دھونی منظر عام پر آئے ۔وہاں سے دھونی کا قد بڑھتا ہی چلا گیا! چنئی سپر کنگز نے انہیں پہلی بار آئی پی ایل نیلامی میں منتخب کیا ، جہاں وہ 2008 میں سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے تھے اور اس کے بعد سے ایک کھلاڑی سے ایک آئکن میں ایم ایس ڈی کی تبدیلی کا آغاز ہوا تھا۔ آئی پی ایل میں تقریبا 42 کی اوسط سے 4000 رنز بنانے کے ساتھ دھونی نے چنئی سپر کنگس میں ایک اہم کھلاڑی کی حیثیت سے بار بار اپنی اہمیت کو ثابت کیا ۔اپنے حق میں کھیل ختم کرنے (فنش )کی ان کی قابلیت نے کپتان کول کو 2019 کے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رن اسکورر کا اعزاز دلایا ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو 8 مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل تک پہنچایا ، جو ٹورنامنٹ میں کسی کپتان کے ذریعہ سب سے زیادہ ہے اور انہوں نے آئی پی ایل میں 12 میں سے 11 سیزن میں اپنی ٹیم کو سرفہرست 4 تک پہنچانے کو یقینی بنایا ہے ۔کھیل میں اپنی شراکت کے علاوہ دھونی اپنی ٹیم کا دل جیتنے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔ اسٹار اسپورٹس کے ایکسپرٹ اور ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن اور سابق فاسٹ بولر آشیش نہرا نے دھونی کی کپتانی کی تعریف کرتے ہوئے کرکٹ کنکٹڈ سے کہا کہ میرا سب سے بڑا کپتان ایم ایس دھونی ہے ، جس کی کپتانی میں میں نے زیادہ سے زیادہ کھیلا ہے ، وہ چاہے قومی ٹیم ہو یا آئی پی ایل ، میں نے روہت کی کپتانی کے تحت نہیں کھیلا ، لہذا میں ایم ایس دھونی کا انتخاب کرتا ہوں۔روہت کے علاوہ ، دھونی کو گوتم گمبھیر سے بھی سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے کے کے آر کو 2مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی کے لئے فائنل میں پہنچایا اور خطاب دلایا۔ شین وارن ، ایڈم گلکرسٹ اور ڈیوڈ وارنر بھی آئی پی ایل کے عظیم ترین کپتان کے نامزد امیدواروں کی فہرست میں شامل تھے ۔ آشیش نہرا ، اسٹار اسپورٹس کے ایکسپرٹ سنجے منجریکر ، ڈیرن گنگا ، اسکاٹ اسٹائرس ، مائک ہیسن ، ڈین جونز ، رسل آرنولڈ ، سائمن ڈول اور گریم اسمتھ نے بھی دھونی کو اپنے گریٹسٹ آف آل ٹائم کیپٹن (جی او اے ٹی )منتخب کیا ۔یو این آئی