سرینگر// سرینگر میں ایک پروقار ادبی نشست کے دوران نگینہ انٹرنیشنل کے ’’عالمی ادب نمبر 2016‘‘ اور وحشی سعید کی تازہ تصانیف ’’آسمان میری مٹھی میں،ماضی اورحال (جلد سوئم)‘‘ افسانوی مجموعات اور جاوید انور کی فکر انگیزاور تجزیاتی مضامین پر مشتمل کتاب ’’وحشی سعید اپنی مثبت وحشتوں کے آئینے میں‘‘ اور’’ بیسویں صدی افسانہ نمبر2016 کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔موصولہ بیان کے مطابق موجودہ نامساعد حالات کی وجہ سے اردو مشاعرے اور دیگر ادبی سرگرمیوں کو سمیٹتے ہوئے اس مختصر سی ادبی نشست میں باہر سے صرف مدیر تحریک ادب بنارس جاوید انور اور مدیر تحریر نو ظہیر انصاری ممبئی ہی شریک ہوسکے۔ تقریب کی صدارت جسٹس (ر) بشیر احمد کرمانی نے انجام دی جبکہ غلام نبی خیالؔ، پروفیسر محمد زماں آزردہ، فاروق نازکی، رخسانہ جبین ،عزیز حاجنی اور دیگر کئی ادبی اور علمی شخصیات نے شرکت کی ۔