جموں//شہر کے مضافاتی علاقہ جگتی میں رونما ہونے والے ایک المناک سڑک حادثہ میں ایک نوجوان اس وقت لقمۂ اجل بن گیا جب اس کا موٹرسائیک مخالف سمت سے آنے والی ایک سی آر پی ایف گاڑی سے ٹکرا گیا۔ یہ حادثہ پیر کی صبح نگروٹہ کے گریف کیمپ کے قریب رونما ہوا جس میں 20سالہ ساحل حسین ساکن کھوئی پنچایت چھباشدید طور پر زخمی ہو گیا، اسے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس سے پہلے ہی وہ دم توڑ بیٹھا۔ ساحل 12ویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔ حادثہ کے بعد لوگوں نے مقامی ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کی قیادت میں زور دار احتجاج کیا ، وہ اس حادثہ کی ذمہ داری کے تعین کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قصور وار ڈرائیور کے ساتھ ساتھ ان ٹریفک افسران کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو اکثر اپنے فرائض سے غفلت برتتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔ ڈی سی جموں اور آئی جی پی موقعہ پر پہنچے اور مظاہرین کو قصور وار افرادکے خلاف کارروائی کا یقین دلایا ۔پولیس کی طر ف سے ڈرائیور کو حراست میں لئے جانے اور ٹریفک اہلکاروں کی معطلی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔