عظمیٰ نیوزسروس
جموں//دیہی انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بڑے فروغ میں جنگلات، جل شکتی اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے نگروٹہ حلقہ میں ایک کثیر مقصدی مارکیٹنگ اثاثہ کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا۔یہ اعلان نگروٹہ کے ڈنسال بلاک کے گاؤں پنج گرائیں میں ایک عوامی جلسے کے دوران کیا گیا۔ یہ میٹنگ ڈی ڈی سی ممبر ڈنسال شمیم بیگم کی صدارت میں منعقد ہوئی اور اس میں نیشنل کانفرنس کے اہم لیڈروں بشمول سینئر لیڈر اور سابق وزیر اجے سدھوترہ، صوبائی صدر جے کے این سی ایڈووکیٹ رتن لال گپتا، بی ڈی سی کے چیئرمین چوہدری رحمت علی، تھورو رام، سراج دین، بلونت سنگھ اور نیتو جموال بلاک صدورنے شرکت کی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جاوید رانا نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جامع ترقی کو یقینی بنانے، قبائلی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور ضروری خدمات کو موثر انداز میں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے ان کے دیرینہ مطالبات کو جل شکتی سکیموں کے تحت پورا کیا جائے گا، اس علاقے کے ہر گھر کو 24×7پینے کا پانی فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔وزیر نے مزید یقین دلایا کہ جنگلات کی منظوری اور قبائلی حقوق سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا، پسماندہ اور جنگل میں رہنے والی آبادیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کی تصدیق کرتے ہوئےحلقے کے لیے اپنے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے، رانا نے نگروٹا حلقہ میں ایک کثیر مقصدی مارکیٹنگ اثاثہ کی تعمیر کے لیے 1کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا، جو ان کے بقول مقامی معیشت کے لیے گیم چینجر کا کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یہ اقدام کاروبار کو فروغ دے کر اور مقامی پیداوار اور اشیا کی مارکیٹنگ کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کر کے، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا”۔انہوں نے کہا”ہمارا مشن نگروٹہ کو ایک ماڈل حلقہ بنانا ہے۔ ہر شعبے میں مساوی ترقی ہوگی اور نوجوان ہماری تمام منصوبہ بندی کے مرکز میں ہوں گے”۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اجے سدھوترہ نے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے میں تاخیر پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوہری طاقت کے ڈھانچے پر تنقید کی اور اسے موثر حکمرانی میں بڑی رکاوٹ قرار دیا۔صوبائی صدر ایڈووکیٹ رتن لال گپتا نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے لوگوں کے تشخص، وقار اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ مسٹر گپتا نے نیشنل کانفرنس کے ہر کارکن سے مزید کہا کہ پنچایت اور بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی تمام تنظیمی اکائیوں کو مجموعی سطح پر تیار کریں۔