ترون چُگ، ست شرما کا دیویانی رانا کی حمایت میں بھاری ریلیوں سے خطاب
عظمیٰ نیوزسروس
نگروٹہ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر پربھاری ترون چُگ نے بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر اور ممبر آف پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) ست شرماکے ساتھ پنچایت کنگریل کے گاؤں دیران اور ناگرو منڈل، نگروٹہ اسمبلی کے گاؤں رنجن میں پارٹی کی امیدوار دیویانی رانا کی حمایت میں زبردست عوامی ریلیوں سے خطاب کیا۔ترون چُگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بڑا اجتماع وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن اور بی جے پی کی شمولیتی ترقی کے عزم پر لوگوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوںنے کہا “نگروٹہ کے لوگ دیویانی رانا کی قیادت میں ترقی کے ایک نئے باب کو لکھنے کے لیے تیار ہیں۔ بی جے پی شفاف حکمرانی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور غریبوں کی بہتری کے لیے کھڑی ہے اور دیویانی رانا بالکل یہی نمائندگی کرتی ہیں‘‘۔ انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر کئی دہائیوں سے لوگوں کو دھوکہ دینے کا بھی الزام لگایا اور ووٹروں پر زور دیا کہ وہ تقسیم کی ان کی سیاست اور جھوٹے وعدوں کو مسترد کریں۔ست شرما نے عوامی ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ نگروٹہ ضمنی انتخاب محض سیاسی مقابلہ نہیں ہے بلکہ تبدیلی اور ترقی کی تحریک ہے۔شرما نے کہا “لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح بی جے پی نے فلاحی سکیموں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور نچلی سطح کو بااختیار بنانے کے ذریعے جموں و کشمیر کو تبدیل کیا ہے۔ دیویانی رانا کی جیت اس مشن کو تقویت دے گی‘‘۔ شرما نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیں تاکہ نگروٹہ کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔شام لال شرما نے زور دے کر کہا کہ دیویانی رانا کی امیدواری ان نوجوانوں اور خواتین کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے جو ایک مضبوط اور زیادہ ذمہ دار قیادت چاہتے ہیں۔