جموں//قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) نے دو سال قبل نگروٹہ کے فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملہ کے سلسلہ میں مزید ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے ۔29 نومبر 2016 کو ہوئے اس حملہ میں7اہلکار اور 3غیر ملکی فدائین ہلاک ہو گئے تھے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محمد اشرف کھانڈے ساکن اچھن پلوامہ اس حملہ کی سازش میں ملوث تھا اور اسے ہفتہ کے روز دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ سری لنکا فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ کھانڈے ایک عسکری تنظیم کا بالائی کارکن ہے جو کہ اس حملہ کے لئے ذمہ دار تھی۔ اس حملہ کے سلسلہ میں یہ چوتھی گرفتاری ہے اس سے قبل عاشق بابا ساکن آلوچی باغ، طارق احمد ڈار ساکن پلوامہ اور سیدمنیر الحسن قادر ی ساکن شوپیاں کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی کا ماننا ہے کہ یہ افراد سرحد پار سے آنے والے فدائین کو پناہ اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے میں کردار ادا کر چکے ہیں ۔ این آئی اے نے معاملہ میں تحقیقات مکمل کر لی ہے اور آئندہ چند روز میں اس کا چالان عدالت میں پیش کئے جانے کی توقع ہے ۔