عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// بی جے پی کے سینئیر لیڈر اور اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما کا کہنا ہے کہ بڈگام میں نیشنل کانفرنس بے نقاب ہوئی ہے اور لوگ اس پارٹی کو سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ سنیل شرمابی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول اور دیگر لیدڑوں کے ہمراہ نے بڈگام میں بی جے پی بڈگام کے امیدوار آغا سید محسن کی نامزدگی ریلی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پرنامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ کشمیر میں ان لوگوں کو بے نقاب کیا جا رہا ہے جنہوں نے یہاں غریب لوگوں کو دھوکہ دیا اور یہ دھوکے آج کے نہیں بلکہ ایک خاندان کی طرف سے گذشتہ 70 برسوں سے دئے جا رہے ہیں’۔ ان کا کہنا تھا: ‘بڈگام میں بھی لوگوں کو سبز باغ دکھائی گئے اب لوگ ان کو سبق سکھانا چاہتے ہیں پہلے لوگوں کے پاس متبادل نہیں ہوتے تھے لیکن آج نریندر مودی کی شکل میں لوگوں کو امید نظر آتی ہے ‘۔ شرما نے کہا: ‘ہم یہ سیٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے اور ہمیں لوگوں سے بھی پوری امید ہے کہ وہ ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے جنہوں نے غریب عوام کے ساتھ دھوکہ کیا’۔ انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کچھ عرصہ تک کشمیر میں ناکام رہی لیکن آج کشمیر کے کونے کونے میں بی جے پی ہے ،ہمیں اس کا کوئی ملال نہیں ہے کہ ہمیں کشمیر میں کوئی سیٹ نہیں ملی لیکن اس بات پر خوشی ہے کہ کشمیر کے لوگ آج بی جے پی کو تسلیم کر رہے ہیں، مودی جی کی پالیسوں پر خوش ہیں، یہ سب سیٹ جیتنے میں کب تبدیل ہوگا اس کا ہمیں انتظار ہے ‘۔نگروٹہ سیٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘وہ سیٹ یکطرفہ ہے ، گذشتہ انتخابات میں بھی بی جے پی نے اس سیٹ پر بھاری کامیابی حاصل کی تھی’۔بی جے پی امیدوار آغا سید محسن نے ہر ووٹر سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور بی جے پی کو ووٹ دے کر وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھ مضبوط کریں۔