عظمیٰ نیوز سروس
جموں//چیف الیکشن آفیسر جموں و کشمیر سنجیو ورما نے 77-نگروٹہ اسمبلی حلقہ کی ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی، جو 11 نومبر 2025 کو منعقد ہونے جا رہا ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈاکٹر راکیش منہاس نے حلقہ کی انتخابی انتظامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ میں 97,893 رجسٹرڈ ووٹرز کے لئے 150 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مضبوط پولنگ انفراسٹرکچر اور 100 فیصد بنیادی سہولیات جیسے ریمپ، روشنی، پینے کا پانی اور صفائی کا انتظام یقینی بنایا گیا ہے۔اجلاس میں ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ پلاننگ، سیوپ مہمات، مضبوط کمرہ اور معذور و بزرگ ووٹرز کی سہولتیں زیر بحث آئیں۔چیف الیکشن آفیسر سنجیو ورما نے افسران سے کہا کہ ضمنی انتخاب آزاد، شفاف اور منصفانہ ہونا چاہیے تاکہ ووٹروں کا اعتماد مضبوط رہے۔ انہوں نے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی سخت پاسداری اور شکایات کے بروقت حل پر بھی زور دیا، اور ضمنی انتخاب کو جمہوریت کا تہوار قرار دیا جو معاشرے کے تمام طبقات کی شرکت کو یقینی بنائے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام تربیتی اور لاجسٹک سرگرمیوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔ چیف الیکشن آفیسر نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی پیش قدمی اقدامات کو سراہا اور شہری آگاہی کے لئے سویپ ریلیاں اور پروگرامز کو موثر بنانے پر زور دیا۔