جاوید اقبال
مینڈھر //بلاک بالاکوٹ کی پنچایت نکہ منجہاڑی لوئر کے باشندگان نے محکمہ جل شکتی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں کئی سالوں سے دو لفٹ واٹر سپلائی سکیمیں ادھوری پڑی ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ان سکیموں پر حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے، لیکن تاحال ان کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچا۔مقامی افراد کے مطابق، نہ صرف پرانی سکیمیں مکمل نہیں ہو سکیں بلکہ حال ہی میں شروع کی گئی نئی لفٹ سکیمیں بھی اسی حالت کا شکار ہیں۔ عوام نے الزام لگایا کہ محکمہ جل شکتی کے آفیسران اب لوگوں کے نام پر غیر قانونی کنیکشن لگا کر رقم بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس موقع پر ایڈوکیٹ محمود خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نکہ منجہاڑی میں محکمہ جل شکتی کی سکیموں کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائے۔انہوں نے کہاکہ’’جب تک لوگوں کے گھروں تک صاف پانی نہیں پہنچتا، کسی قسم کا کنکن لگانا اور اس کے عوض رقم وصول کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم عوام کے ساتھ مل کر سخت قدم اٹھائیں گے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی کے تمام منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، تاکہ علاقے کے لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم نہ رہیں۔