یو این آئی
لیورپول/دو بار کی عالمی چیمپئن نکہت زرین نے لیور پول میں جاری ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے منگل کو خواتین کے 51 کلوگرام زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں جاپان کی یوما نشیناکا کو 5-0 سے شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنالی۔ 29 سالہ نکہت کو ابتدائی راؤنڈ میں جاپانی باکسر سے سخت مقابلہ ملا، لیکن اس ہندوستانی باکسر کو کوئی نہیں روک سکا، جو اس سال اپنا پہلا بین الاقوامی ٹورنامنٹ کھیل رہی ہیں۔ درحقیقت، جاپانی باکسر کو نکہت کی لئے کو توڑنے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ کلینچنگ کرنے پر دو پینلٹی پوائنٹس بھی ملے ۔ ورلڈ باکسنگ کپ آستانہ کی طلائی تمغہ جیتنے والی جیسمین لیمبوریا نے خواتین کے 57 کلوگرام کیٹیگری میں دو بار کی اولمپیئن برازیل کی جوسیلین سرکیرا رومیو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ جیسمین اور رومیو اس سے قبل آستانہ میں گولڈ میڈل کے لیے مدمقابل آیئں تھیں جہاں ہندوستانی باکسر ایک قریبی مقابلے کے بعد فتح یاب ہویئں تھیں۔ لیکن لیورپول میں جیسمین نے تینوں راؤنڈز میں 5:0 کا اسکور کیا اور اب وہ عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔۔ہندوستان نے حال ہی میں تشکیل دی گئی باکسنگ کی بین الاقوامی گورننگ باڈی ورلڈ باکسنگ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی اس پہلی عالمی چمپئن شپ میں 20 رکنی دستے کو میدان میں اتارا ہے ۔ مردوں اور خواتین دونوں مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید ہے ۔ورلڈ باکسنگ کپ کے سلور میڈلسٹ ابھیناش جام وال نے بھی مردوں کے 65 کلوگرام زمرے کے دوسرے راؤنڈ میں میکسیکو کے ہیوگو بیرن کو 5:0 سے شکست دے کر اپنی مہم جاری رکھی۔تاہم، خواتین کے 54 کلوگرام زمرے میں ساکشی کا سفر یہاں ختم ہوا کیونکہ وہ راؤنڈ آف 16میں ترکی کی ہیتیس عقبہ سے 0:5 سے ہار گئیں۔ لیورپول میں سناماچا چانو کی مہم بھی قازقستان کی نتالیہ بوگڈانووا سے 0:5 سے ہار کر ختم ہوئی۔سچن (مردوں کے 60 کلوگرام) کو قازقستان کے بیبرس جیکسن سے 1:4 سے شکست ہوئی جبکہ نیرج پھوگاٹ کو خواتین کے 65 کلوگرام زمرے میں انگلینڈ کی مقامی امید سچا ہکی سے 2:3 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔