یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمز) کا دورہ کرکے چھتیس گڑھ تلنگانہ سرحد پر نکسل مخالف آپریشن میں زخمی ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ شاہ دوپہر میں ایمز کے ٹراما سینٹر گئے اور وہاں داخل سیکورٹی اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما بھی ان کے ساتھ تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے سیکورٹی اہلکاروں سے بات چیت کی اور کامیاب آپریشن کے لیے ان کی تعریف کی۔قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ کے جنوبی بستر علاقے میں چھتیس گڑھ-تلنگانہ سرحدی علاقے میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے 21دن تک جاری نکسل مخالف آپریشن میں 31بدنام زمانہ نکسلی مارے گئے۔ اس آپریشن میں کئی سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔