یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں 50نکسلیوں کے ہتھیار ڈالنے کو خوشی کی بات قرار دیتے ہوئے کہا کہ 31مارچ 2026 کے بعد ملک میں نکسل ازم صرف تاریخ بن جائے گا۔شاہ نے کہاکہ’’یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ بیجا پور (چھتیس گڑھ)میں 50نکسلیوں نے ہتھیار ڈال دیے، تشدد کا راستہ چھوڑ دیا۔ میں تشدد اور ہتھیار چھوڑ کر ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ مودی جی (وزیر اعظم)کی پالیسی واضح ہے کہ جو بھی نکسلائٹ ہتھیار چھوڑ کر ترقی کے دھارے سے جڑے گا، وہ دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا‘‘۔میں ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہتھیار چھوڑ دیں اور قومی دھارے میں شامل ہوں۔ ہمارا عزم ہے کہ 31مارچ 2026کے بعد ملک میں نکسل ازم صرف تاریخ بن جائے گا۔