سرینگر// بارشوںکے ساتھ ہی شہر سرینگر کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آنے سے لوگوں کوعبورومرورمیں سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔ بارشوں کے بعد ریگل چوک میں حسب سابقہ سڑک پانی سے بھر گئی اور صبح سے ہی لوگوں کوآواجاہی میں سخت دشواریوں کاسامناکرناپڑاکیونکہ یہاں کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہااوراس دوران یہاں سے لوگوں کی پیدل آواجاہی ناممکن بنی رہی جبکہ گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پرسوارلوگوں کوتکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔بعد میں یہاں گاڑیوں اور موٹر کے ذریعے پانی نکالا گیا ۔ادھرشہر خاص کے نوہٹہ ، گوجوارہ ، بابہ ڈیمب ، خانیار اور بڈو باغ اور دیگر کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کا چلنا پھرنا محال ہوگیا ہے۔ پچھلے تین دنوں سے بارشوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر سے شہر خاص میںناقص ڈرینج نظام کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بابہ ڈیمپ کے منظور احمد نے بتایا کہ تین دنوں کی مسلسل بارش کی وجہ سے براری نمبل سے نکالی گئی مٹی پانی کے ساتھ لوگوں کے گھروں میں جمع ہوگئی ہے۔ دریں اثناء صورہ، بژھ پورہ، اونتہ بھون میں سے ملحقہ علاقوں میں رابطہ سڑکیں،گلی کوچے تالابوں میں تبدیل ہوگئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ناقص نکاسی ہونے کے نتیجے میں بارشوں کا پانی رہایشی مکانوں کے اندر داخل ہوگیا۔بڑھ پورہ سے نالہ بل نالہ تک ڈرینیج میں بہتر طریقے سے نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے ڈرینیج میں جمع ہونے والا پانی صحنوں میں داخل ہونے کے ساتھ ہی رہایشی مکانوں میں گھس گیا۔صورہ تھانے کے قریب علاقہ ناری بل میں ڈرینیج کا سارا گندہ پانی مکانوں کے اندر گھس گیا ۔ مقامی شہری ریاض احمد خان نے بتایا کہ سات فٹ گہری ڈرینیج کی تین سالوں سے نہ ہی مرمت وغیرہ کی گئی اور نہ ہی صفائی کی گئی جس وجہ سے اندرونی سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوگئی ساتھ ہی گندہ پانی مکانوں میں داخل ہوگیا ۔