یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے جمعرات کو ملک میں عالمی ٹیکہ کاری ہفتہ کے پہلے دن ‘قومی صفر خسرہ-روبیلا خاتمہ مہم 2025-26’ کا آغاز کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ یہ مہم 2026 تک خسرہ اور روبیلا کو ختم کرنے کے ہندوستان کے ہدف کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے کثیر لسانی پوسٹرز، ریڈیو جِنگلز اور آفیشل یو ون فلم جاری کی۔ نڈا نے کہا کہ خسرہ-روبیلا کے خاتمے کی مہم 2025-26 کا آغاز بچوں کو خسرہ اور روبیلا ویکسین کی دو خوراکیں دے کر 100 فیصد ویکسینیشن کوریج حاصل کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری تا مارچ 2025 کے دوران ملک کے 332 اضلاع میں خسرہ کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور 487 اضلاع میں روبیلا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔