یواین آئی
نئی دہلی// ملک کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر بھاجپا کے قومی صدر جے پی نڈا نے جمعہ کوپارٹی ہیڈکوارٹر پر پرچم لہرانے کے بعد وہاں موجود کارکنوں سے خطاب کیا۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہاکہ آج ہم سب 79 واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ میں اپنی اور پارٹی کے کروڑوں کارکنوں کی طرف سے ہم وطنوں کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ آزادی ہمیں ہمارے لاکھوں محب وطن مجاہدین آزادی نے اپنا سب کچھ قربان کر کے دلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن تمام مجاہدین آزادی اور شہداء کو یاد رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اور ملک ان کی قربانیوں اور لگن کا مشکور بھی ہے۔بی جے پی صدر نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے آج لال قلعہ کی فصیل سے کہا کہ ہندوستان صرف ایک آزاد ہندوستان نہیں بن رہا ہے، بلکہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک گزشتہ 11 سالوں میں ایک مضبوط معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ نڈا نے کارکنوں سے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے آج اپنی تقریر میں تین چیزوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے کہ ہمیں خود انحصار ہندوستان بننا چاہئے اور بیرونی ممالک پر ہماری انحصار ختم ہونا چاہئے، لہذا میں کارکنوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ آپ سب بھی اس کام کو اپنی زندگی میں آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔