میامی//اس سال آسٹریلین اوپن جیتنے والے سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اسپین کے کھلاڑی رافیل نڈال پر ایک بار پھر برتری ثابت کی اور انہیں یہاں فائنل میں مسلسل سیٹوں میں چھ۔تین، چھ ۔چار سے شکست دے کر میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔18 گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والے فیڈرر کی یہ 91 ویں کیریئر خطابی جیت ہے جبکہ یہاں ان کا یہ تیسرا خطاب ہے ۔ فیڈرر کے خلاف اس سال مسلسل تین شکستوں کا سامنا کرنے والے نڈال یہاں اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں تھے لیکن فیڈرر نے انہیں کوئی موقع نہیں دیا اور میلبورن فائنل اور انڈین ویلز کی شکست کی طرح یہاں بھی ان کے چیلنج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔خطاب جیتنے کے بعد چوتھی سیڈ فیڈرر نے کہا، "یہ سال میرے لئے بہترین ثابت رہا ہے ۔ میرے لئے یہ خواب کے حقیقت ہونے جیسا ہے ۔"سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے نک کرگیوس کو میراتھن مقابلے میں سات۔چھ، چھ۔سات اور سات ۔چھ سے شکست دینے والے سابق نمبر ایک فیڈرر نے فائنل میں زبردست انداز میں ٹینس کھیلتے ہوئے اپنے حریف کھلاڑی کو کوئی بھی موقع نہیں دیا اور اسپین کے اسٹار کھلاڑی پر مسلسل چوتھی جیت درج کی۔ میچ میں فیڈرر نے زبردست سروس کرنے کے علاوہ بریک پوائنٹس بھی محفوظ کئے ۔35 سالہ فیڈرر نے جیت کے بعد کہا، "پہلا سیٹ جیتنا کافی اہم رہا۔ میں اسے جیت کر نڈال پر دباؤ بنانے میں کامیاب رہا۔ نڈال ہمیشہ کی طرح بہتر تھے لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں آخر میں ان پر برتری حاصل کرسکا۔ " چوٹ کی وجہ سے گزشتہ سال زیادہ تر کورٹ سے باہر رہنے والے فیڈرر واپسی کے بعد اپنے انداز میں کھیل رہے ہیں اور اس سال انہوں نے 19 میچوں میں 18 میں جیت درج کی ہے ۔ فیڈرر نے اس سے پہلے 2005 میں 36 میچوں میں ایک شکست کا سامنا کیا تھا اور اب ان کے پاس اس ریکارڈ کو بہتر کرنے کا موقع ہے ۔ انہیں اس سال صرف ایک شکست دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 116 ویں رینکنگ کے روس کے یوزنی ڈونسکي کے خلاف جھیلنی پڑی تھی۔ یہاں اپنا پانچواں فائنل گنوانے والے نڈال نے مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا، "ہر تیسرے سال میں یہاں اس پوزیشن میں پہنچتا ہوں کہ خطاب حاصل کرسکوں لیکن میں اس موقع کو گنوا دیتا ہوں جو کہ کافی مایوس کن ہیں۔میں اب امید ہی کر سکتا ہوں کہ تین سال بعد میں یہاں فائنل میں جیت حاصل کر کے خطاب اپنے نام کرسکوں ۔ "نڈال اس سے پہلے یہاں 2005، 2008،2011 اور 2014 کے فائنل میں پہنچے تھے لیکن وہ ایک بار بھی اس خطاب کو جیتنے میں کامیاب نہیں رہے ۔نڈال نے فیڈرر کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "میں فیڈرر کو ان کی شاندار جیت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ان کے لیے یہ سیزن واقعی شاندار ثابت رہا ہے ۔ انہوں نے چوٹ کے بعد واپسی کرتے ہوئے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ''۔یواین آئی