عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیرا علیٰ سریندرکمار چودھری نےاَفسران کو ہدایت دی کہ جموں ضلع کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے مختلف سکیموں کی عمل آوری میں تیزی لائی جائے تاکہ لوگوں کو جلد از جلد فائدہ پہنچے اور یہ ملک کے سب سے ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہو، جہاں تمام بنیادی اور جدید سہولیات دستیاب ہوں۔ اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ نے جموں ضلع کے لئے منعقدہ جائزہ میٹنگ میں اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے اَفسران کوہدایت دی کہ وہ منتخب نمائندوں کو سکیموں کی تشکیل ،ان کی نگرانی اور عمل آوری میں شامل کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ نچلی سطح کے عوام بھی حکمرانی کے تمام مراحل میں شامل ہوں۔اُنہوں نے کہا،’’ اَفسران کو منتخب نمائندوں کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور مشکلات کا فوری جواب دینا چاہئے کیوں کہ یہ ایک جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔ ہمیں اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ِاداروں کا تقدس برقرار رہے۔‘‘اُنہوں نے ممبران اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پہلے سے شروع کئے گئے اَقدامات کو تیزی سے آگے بڑھائیں تاکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ جو رکاوٹیں ہیں وہ دور ہوں اور ترقیاتی اَقدامات مقامی مطالبات اور ضروریات کے مطابق ہوں۔نائب وزیر اعلیٰ نے عوامی نمائندوں اورعمل آوری ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے عمل درآمد میں تیزی آئے گی اور اَقدامات کو وسیع بنیادوں پر بھی بنایا جاسکے گا۔ اُنہوں نے جموں کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کرنا چاہیے کہ یہ علاقہ ملک کے سب سے پسندیدہ مقامات میں سے ایک کے طور پر سامنے آئے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے اَپنی تمام کوششوں کو مستحکم کرنا چاہئے تاکہ جموں ملک کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور مطلوب خطوں میں سے ایک بن جائے اور لوگ ترقیاتی سکیموں سے مستفید ہوں۔اِس سے قبل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرجموں نے مختلف شعبوں کے تحت کئے گئے مختلف ترقیاتی اَقدامات کا مختصر جائزہ پیش کیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جموں ضلع میںکیپکس کے تحت 127.76 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔ اِس کے علاوہ 3,891 کام شروع کئے گئے ہیں جن میں سے 2,261 کام یو ٹی اجزأ کے تحت مکمل کئے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈِسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت 3,646 کام کئے گئے ہیں جن میں سے 2,046 مکمل ہوچکے ہیں۔میٹنگ کو یہ بھی جانکاری دی گئی کہ منریگا کے تحت لیبر بجٹ 32.22 کروڑ ہے جس میں سے 32.04 کروڑ خرچ ہوئے ہیں جو 99.44 فیصد خرچ ہیں۔ اِس کے علاوہ 86 ہزار جاب کارڈ ز جاری کئے گئے ہیں اور 14,737 کام شروع کئے گئے ہیں جن میں سے 3,931 کام مکمل ہوچکے ہیں۔پی ایم اے وائی۔جی سیکٹر کے تحت ضلع میں 99.59 فیصد تکمیل یکارڈکیا گیا ہے جس میں دستیاب 12.09 کروڑ روپے میں سے 12.04 کروڑ روپے بطور اخراجات ریکارڈکئے گئے ہیں۔آئی ڈبلیو ایم پی کے تحت کل 60 کاموں کی منظوری دی گئی ہے، 55 شروع کئے گئے ہیں اور 30 مکمل ہوچکے ہیں۔سوچھ بھارت مشن کے تحت 48 سینٹری کمپلیکس پر کام شروع کیا گیا ہے جن میں سے 18 مکمل ہوچکے ہیں۔ اِس کے علاوہ 222 کمیونٹی پر مشتمل گڑھوں پر بھی کام شروع کیا گیا ہے جن میں سے 74 مکمل ہوچکے ہیں۔ مزید برآں، منظور شدہ 17,179 یونٹوں میں سے 14,927 آئی ایچ ایچ ایل مکمل ہوچکے ہیں۔اِسی طرح 1900 کے ہدف میں سے 1805 اے آئی پی آئی ایچ ایچ ایل مکمل ہوئے ہیں اور 95 فیصد کامیابی درج کی گئی۔جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت کُل 283 واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی گئی ہیں، 78 مکمل ہوچکی ہیں اور 177 تکمیل کے قریب ہیں۔ اِسی طرح 1,73,857 کے ہدف میں سے کل 1,21,781 گھرانوں کو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں جو 70 فیصد کامیابی ہے۔پی ایم جی ایس وائی کے تحت منظور شدہ سڑک کی لمبائی 868.51 کلومیٹر میں سے 828.89 کلومیٹر مکمل ہو چکی ہے اور تمام منظور شدہ 98 بستیوں کو جوڑ دیا گیا ہے۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی ، وائس چیئرپرسن اور ممبران اسمبلی نے اَپنے حلقوں سے متعلق کئی مسائل اُٹھائے اور ان کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔