محمد تسکین
بانہال // منگل کے روز جموں سرینگر قومی پر واقع بانہال ۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے اندر پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی تین خواتین گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ ساڑھے آٹھ کلومیٹر لمبے بانہال – قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے اندر پیش آئے اس دردناک حادثے میں بانہال سے تعلق رکھنے والے اور محکمہ صحت میں کام کرنے والے طارق عزیز وانی ولد مرحوم عبدالعزیز وانی ساکنہ ھاڑبیر کسکوٹ لقمہ اجل بنے تھے اور اس حادثے میں ان کی والدہ مصرہ بیگم ، ان کی چاچی وزیرہ بیگم اور وزیرہ بیگم کی بیٹی شازیہ اختر زخمی ہوئے تھے۔بدھ کے روز اننت ناگ ہسپتال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے ۔ کنبے کے یہ افراد منگل کی دوپہر بعد چار بجے بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں زیر علاج طارق عزیز وانی کے ماما جی کی خبر گیری کیلئے جا رہے تھے لیکن انہیں یہ خبر نہ تھی وہ خود خونین خبر بننے والے ہیں ۔مہلوک طارق عزیز وانی محکمہ صحت میں این ایچ ایم کے تحت ملازم تھے اور اکڑال بلاک میں تعینات تھے اور دو بہنوں اور اپنے گھر کے واحد چشم و چراغ تھے ۔ پورے بانہال میں اس المناک حادثے کی وجہ سے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے منگل کی رات دیر گئے طارق عزیز کی تجہیز و تکفین شرکت کی اور نماز جنازہ کے بعد طارق احمد کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا اور گھر کے علاقے میں جگہ کمی کے باعث نماز جنازہ میں بھاری اکثریت میں آئے لوگوں کو سمانے کیلئے نماز جنازہ کو ارکانِ دفتر کے پیچھے سڑک کے ساتھ ادا کرنا پڑا ۔