سرینگر//پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپ میں5نوجوان زخمی ہوئے،جن میں سے ایک کی حالت تشویشانک بتائی جاتی ہے،جبکہ مزید4نوجوانوں کی آنکھوں پر پیلٹ لگے۔ جمعہ کو شہر خاص میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی،جس کے دوران عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں نے فورسز پر سنگبازی کی،جبکہ فورسز اور پولیس نے بھی پیلٹ کا استعمال کیا۔عینی شاہدین کے مطابق فورسز و پولیس کی کاروائی میں5کمسن نوجوان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق شاکر احمد صوفی ولد مختار احمد صوفی ساکن گلی کدل نوشہرہ سرینگر ،جس کی عمر16 سال بتائی جاتی ہے،کے چہرے اور سر پر پیلٹ لگے،جس کی وجہ سے انہیں پہلے صدر اسپتال اور بعد میں صورہ میڈیکل انسٹیچیوٹ منتقل کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ شاکر کی حالت تشویشناک ہے۔اس دوران فورسز و پولیس کاروائی کے دوران معتیب جاوید ولد جائوید احمد ڈار ساکنہ حول کے چہرے اور دائیں آنکھ پر بھی پیلٹ لگے،جبکہ شاہل شفیع میر ولد شفیع احمد میر ساکن پانتھ چوک کے چہرے اور سر پر بھی پیلٹ لگے۔اسپتال ذرائع کے مطابق عمر فاروق ولد فاروق احمد ڈار ساکن بڈگام کی بائیں آنکھ اور دائیں ٹانگ کے علاوہ بائیں بازو اور کندھے پر بھی پیلٹ لگے جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوا جبکہ یعقوب راتھر ولد محمد ایوب راتھر ساکن بڈگام کے دونوں آنکھوں پر بھی پیلٹ لگے۔تمام زخمیوں کو صدر اسپتال پہنچایا گیا،جہاں پر انکی حالت مستحکم ہے،اور علاج و معالجہ شروع کیا گیا ہے