سرینگر// شہر خاص کے نوہٹہ اور دیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج ہوا،جس کے دوران سنگبازی اور ٹیر گیس گولوں کا زبردست تبادلہ ہوا۔عید کے پیش نظر سیکورٹی کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور سید علی گیلانی گھر میں بدستور نظر بند ہیں۔ عرفہ کو شہر خاص میں جہاں لوگوں کی بھیڑ امڈ آئی تھی وہیں نماز جمعہ کے بعد نوہٹہ میں احتجاجی جلوس برآمد ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے بعد نوجوانوں کی ٹولیاں جامع مسجد کے باہر جمع ہوئیں اور اسلام و آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔اس دوران مظاہرین نے جونہی آگے بڑنے کی کوشش کی توپہلے سے موجود پولیس اور فورسز اہلکاروں نے انکی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منتشر ہونے کی ہدایت دی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان مخاصمت کے بعد فورسز اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شیلنگ کی جبکہ احتجاجی مظاہرین نے سنگبازی کی۔ٹیر گیس گولوں اور سنگبازی کے دوران نوہٹہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوااور نواحی علاقوں میں بھی سنگبازی ہوئی۔اگرچہ بعد میں صورتحال معمول پر آگئی،تاہم کچھ علاقوں میں وقفہ وقفہ سے سنگبازی کا سلسلہ جاری رہا،جو شام دیر تک چلتا رہا۔ادھر سیول لائنز کے کئی علاقوں میں بھی نماز جمعہ کے موقعہ پر اضافی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ ممکنہ احتجاجی مظاہروںکو روکا جائے۔دریں اثناءپولیس نے بعد از نمازجمعہ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل منتقل کیاجبکہ حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی بدستور گھر میں نظر بند ہیں۔