سرینگر//پائین شہرکے اہم مرکزی علاقے نوہٹہ میںآگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک شاپنگ کمپلیکس مکمل طور خاکستر ہوا اور اس میں موجود 8دکانیںاور 4گودام راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ۔آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے پولیس نے کیس درج کرلیا ہے جبکہ آگ بجھانے کے دوران فائر سروس کے4اہلکار زخمی ہوئے ۔نوہٹہ میںسوموار اورمنگل کی درمیانی شب کو آگ کی ایک بھیانک واردات رونما ہوئی۔بتایا جاتا ہے کہ رات کے قریب2بجکر40منٹ پر نوہٹہ میں ایک تجارتی کمپلیکس،جس میںکئی دکانیں اور گودام ہیں،سے نمودار ہوئی۔ اس موقعہ پر اگرچہ مقامی لوگوں نے از خود آگ بجھانے کی کوشش کی وہیں فائر اینڈ ئمر جنسی عملے کو بھی طلب کیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بجھانے والی کئی گاڑیاںپہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے کاروائی شروع کی۔ شہر کے مختلف علاقوںسے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں درجنوں اہلکاروں کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئیں اور بچائو کارروائی شروع کی۔ آگ سے 8 دکانیںاور4گودام شعلوں کی نذر ہوگئے اور ان میں موجودہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو ا۔محکمہ فائر اینڈ ائمر جنسی سروسز کے ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 2گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا اورجائے واردات پر دیگر2ساپنگ کمپلیکسوں کا بچا لیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے محکمہ کی طرف سے کی گئی بروقت کارروائی کے دوران محکمہ کے4اہلکار زخمی ہوئے جنہیں بعد میں ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر شہر کے 8فائر سروس سٹیشنوں سے12فائر ٹنڈر طلب کئے گئے اور گنجان آبادی والے علاقہ میں آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ۔ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا کوئی پتہ نہیں چلاتاہم پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔آگ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ کروڑوں روپے لگایا جارہا ہے۔