کپوارہ// نو گام ہندوارہ میں قائم ہائی سکول میں زیر تعلیم بچو ں نے ماور ہندوارہ سڑک پر بیکن کی جانب سے سکول کے نزدیک سٹون کریشر کے خلاف احتجاج کیا ۔نوگام کے لوگو ں کا کہنا ہے ہائی سکول کے نزدیک یہ ستون کریشر غیر قانونی طور چلایا جارہا ہے جو مقامی آ بادی کے ساتھ ساتھ ہائی سکول میں زیر تعلیم بچو ں کے لئے بھی وبال جان بن چکا ہے۔بدھ کو طالب علموں نے سکول سے باہر آکرماور ہندوارہ سڑک پر دھرنا دیا ۔احتجاجی طلاب نے کہا کہ سکول کے نزدیک اس سٹون کریشر کو فوری طور بند کیا جائے تاکہ ان کی صحت پر مضر اثرات مرتب نہ ہوں اور ان کی تعلیم بھی بلا خلل جاری رہے ۔دھرنا میں شامل سکولی بچو ں نے بتا یا کہ سٹون کریشر کے شور سے ان کی پڑھائی بری طرح متاثر ہورہی ہے جبکہ اس سے نکلنے والے گردوغبار سے ان کی صحت بھی اب محفوظ نہیں ہے ۔سکول کے ایک مدرس نے بتا یا کہ حالات اب اس قدر سنگین ہیںکہ روزانہ کسی نہ کسی بچے کو اسپتال لے جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے ۔احتجاج میں شامل والدین اور طلاب نے اس سٹون کریشر کوفوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا اور اگر ایسا نہ ہوسکا تو وہ سکول کو مقفل کر کے دوسرے سکول میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے جائیں گے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ پیر مظفر احمد نے بتا یا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے اور اس کے باوجود انتظامیہ ضرور مداخلت کرے گی ۔