کپوارہ //سرحدی ضلع کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں تازہ در اندازی کے دوران گھمسان کی معرکہ آرائی میں دو جنگجو اور دو فوجی اہلکار مارے گئے۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام دیر گئے نوگام سیکٹر میں فوج نے حد متارکہ پر جنگجوئو ں کی نقل وحرکت دیکھی اور علاقہ کو گھیرے میں لیا ۔ جوں ہی فوج نے علاقہ کی ناکہ بندی کرلی اور تلاشی آپریشن شروع کیا تو ایک تلاشی پارٹی پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کردیا جس کے دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔جنگجوئوں نے گرینیڈ بھی پھینکے اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم جنگلاتی علاقے کی مکمل ناکہ بندی کی گئی تھی۔جنگجوئوں کے حملے میں فوج کے دو اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے جو اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو جنگجو بھی مارے گئے۔بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں فوج کی مزید کمک طلب کرکے علاقے کے تمام راستو ں کو مکمل طور بند کیا گیا تاکہ جنگجو فرار نہ ہوسکے ۔فوج کو خدشہ ہے کہ دراندازی کرنے والے دیگر جنگجو گھنے جنگلاتی علاقے میں موجود ہوسکتے ہیں۔ایس پی ہندوارہ غلام جیلانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نوگام سیکٹر میں جنگجوئوں کی جانب سے تازہ در اندازی کے دوران وہاں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا اور علاقہ میں فوج نے محاصرہ کر کے تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔