عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سرینگر کے نوگام علاقے میں جمعہ کی رات پیش آئے خوفناک دھماکے نے مقامی آبادی کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ دھماکہ رات 11:20 بجے کے قریب نوگام پولیس اسٹیشن کے نزدیک ہوا، جس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی۔علاقے کے ایک مقامی رہائشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی شدت نے پورے محلے کو لرزا کر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا’رات تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ ہم سب ہل کر رہ گئے۔ پھر کسی طرح نیند آگئی لیکن صبح جب اٹھے تو پتا چلا کہ کیا ہوا ہے۔ ہم خود دیکھنے کے لیے نکلے لیکن ہمیں آگے جانے نہیں دیا جا رہا۔ میرے رشتہ دار پولیس اسٹیشن کے نزدیک رہتے ہیں، میں اُن سے بات بھی نہیں کر پایا۔ سیکورٹی والے روک رہے ہیں، لیکن وہ بھی مجبور ہیں… زندگی میں اتنا بڑا دھماکہ پہلے کبھی نہیں سنا تھا۔‘
مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پورے علاقے میں خوف کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ کئی رہائشی رات بھر سہمے ہوئے رہے۔ صبح سویرے لوگوں کی بڑی تعداد حالات کا جائزہ لینے کے لیے باہر نکلی، مگر سکیورٹی فورسز نے احتیاطی وجوہات کی بنا پر علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو بند کرنا ضروری ہے کیونکہ دھماکے کی شدت اور نوعیت کے پیش نظر وہاں جانچ کا عمل جاری ہے، اور کسی بھی شہری کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب تھانے میں دہلی دھماکہ کیس سے ضبط کیے گئے حساس مواد کی جانچ کی جا رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔
نوگام دھماکہ: ایسا زور دار دھماکہ زندگی میں پہلی بار سنا، مقامی باشندے کا بیان