عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //کرائم برانچ جموں نے ایک مفرور ملزم فیاض احمد بھٹ ولد غلام حسن بھٹ ساکن چاڈورہ، بڈگام کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایک دھوکہ دہی کے مقدمے میں گزشتہ تین ماہ سے مفرور تھا۔تفصیلات کے مطابق سال 2023 میں جاوید اقبال سکنہ پونچھ کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہونے پر ایف آئی آر نمبر 110/2023 زیر دفعات 419، 420 اور 120-بی تعزیرات ہند درج کی گئی تھی۔ شکایت کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ سے سرکاری نوکری (پنچایت اکاؤنٹنٹ) دلانے کے بہانے جے کے ایس ایس آر بی کے نام پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہتھیا لئے تھے۔تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی دو الگ مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ایف آئی آر نمبر 22/2022 زیر دفعات 420، 120-بی آر ڈبلیو سیکشن 5(2) انسداد بدعنوانی ایکٹ تھانہ کرائم برانچ جموں، جس کا چالان 2 نومبر 2023 کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جبکہ دوسرا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 33/2022 زیر دفعہ 420 تعزیرات ہند ابھی زیرِ تفتیش ہے۔ملزم کی گرفتاری کے لئے کرائم برانچ (ای او ڈبلیو) جموں نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس کی قیادت ڈپٹی ایس پی (انویسٹی گیشن آفیسر) آکاش کولی کر رہے تھے، جبکہ ٹیم میں ہیڈ کانسٹیبل روپ لال اور گِردھاری لال شامل تھے۔ ٹیم نے تین ماہ کی مسلسل نگرانی کے بعد آخرکار ملزم کو جموں سے گرفتار کر لیا۔گرفتار شدہ ملزم کو پونچھ کی سب جج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔