سرینگر//نوٹ بندی کے ایک سال مکمل ہونے پر پردیش کانگریس نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کو بی جے پی نے اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے استعمال کیا۔ سرینگر میں کانگریس نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر بدھ کو احتجاج کیا،جس دوران کارکنوں نے بینر اور پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی مظاہرے میں کانگریس کے ممبران اسمبلی اور سنیئر لیڈروں نے شرکت کی اورنوٹ بندی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ سابق کانگریس صدر پیرزادہ غلام احمد کی سربراہی میں کانگریس نے جلوس برآمد کیا اور ریذیڈنسی روڑ پر آگئے۔اس سے قبل پرزادہ محمد سعید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’پی ڈی اور بی جے پی سرکار اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں‘‘۔ انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کی آڑ میں لوگوں کو سزا دی گئی اور نوٹ بندی کی وجہ سے لوگوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مرکزی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے فرار نہیں ہوسکتی۔اس موقعہ پر سابق وزیر تاج محی الدین نے کہا کہ پورے ملک کو نوٹ بندی کی وجہ سے پس از دیوار کیا گیااور حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بی جے پی اس کی خوشیاں منا رہی ہے۔