نئی دہلی// اپوزیشن پارٹیوں نے نوٹ بند¸ کے اعلان کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر آٹھ نومبر کو ملک بھر میں 'یوم سیاہ' منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیریک او برائن اور جنتا دل یونائیٹیڈ کے باغی لیڈر شرد یادو کے ساتھ آج یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں قائم 18 اپوزیشن پارٹیوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا یہ فیصلہ کل یہاں پہلی میٹنگ میں لیا گیا تھا۔نوٹ بندی کو ملک کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ قرار دیتے ہوئے مسٹر آزاد نے کہا کہ اس کی مخالفت کے لئے تمام اپوزیشن پارٹیاں اپنے اپنے طریقے سے پروگرام کریں گی اور اپنی – اپنی سطح پر اس کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے بعد 12 ان دیگر جماعتوں سے بھی بات چیت کی گئی جو کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اپوزیشن نے مخالفت کے لئے ایک ہی پروگرام کیوں نہیں بنایا، انہوں نے کہا کہ لیڈروں کو متحد کرنا ممکن ہے لیکن کارکنوں کو ایک ساتھ لانا مشکل ہے ۔ مسٹر برائن نے نوٹ بند¸ کو جدید ہندوستان کا سب سے بڑا گھوٹالہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں اپنے حساب اس کی مخالفت کا پروگرام بنائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے موسم سرما کے اجلاس سے قبل کوآرڈینیشن کمیٹی کی ایک مرتبہ پھر میٹنگ ہوگی اور اس میں آگے کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔یو این آئی۔