میسورو24مارچ(یواین آئی)کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ پر اپنی برہمی جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ان دونوں نے ملک کی معیشت اور ملازمتوں کی تشکیل کو شدید نقصان پہنچایا۔راہل نے میسورو کے مہارانی آرٹس کالج فار ویمن کے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا''میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک غلطی تھی اور اس کو نہیں کرناچاہئے تھا۔نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ہندوستان کی معیشت اور ملازمتوں کی فراہمی کو شدید نقصان پہنچایا۔جس طرح سے نوٹ بندی کی گئی تھی اس کا طریقہ مناسب نہیں تھا ۔آر بی آئی کے گورنر،مالیاتی امور کے صلاح کار ، وزیرخزانہ کو بھی اس بات کا کوئی علم نہیں تھا۔میں نے جب چدمبرم سے ملاقات کی تو انہوں نے نوٹ بندی کو پاگل پن قرار دیا تھا۔