نئی دہلی // وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد کشمیر میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والا پتھراؤ ختم ہوگیا ہے۔ایک ٹویٹ میں پاریکر نے اس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ بھی ادا کیا ۔انہوں نے لکھا ہے کہ اس سے پہلے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کرنے کے لئے 500 روپے دئے جاتے تھے۔انہوں نے لکھا کہ ایک ہزار روپے کسی اور کام کے لئے دیئے جاتے تھے۔ وزیر دفاع کے مطابق ان نوٹوں کا استعمال بند ہونے سے اب نوجوانوں کو ایسا پیسہ نہیں مل پا رہا ہے اور اسی وجہ سے پتھراؤ نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا’’ چاہیے سرحدوں کی سیکورٹی ہو یا اقتصادی سیکورٹی،جو لوگ دہشت پھیلاتے ہیں ان پر اس فیصلے کا اچھا خاصا اثر پڑے گا‘‘۔اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ وزارت داخلہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ نوٹ منسوخ ہونے کے بعد وادی میں تشدد کی کارروائیوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ اچانک اعلان دہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام کرنے میں دوردس نتیجہ کے حامل ہوسکتا ہے۔بھاجپا نے مودی کے اس فیصلے کو مالیاتی سرجیکل آپریشن قرار دیا ہے۔بھاجپا کا کہنا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں اس فیصلے سے ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کی کمر ٹوٹے گی۔