نوٹوں کی مالا اور تالیوں کی گونج سے ہوا کامن ویلتھ گیمز کے تمغہ یافتگان کا استقبال

نئی دلی //کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان کے کھلاڑی نے لاجواب کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے اپنے ملک کا نام روشن کر دیا۔ کھیلوں کا یہ میلہ ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ملک واپسی بھی ہو گئی ہے۔ دہلی ایئر پورٹ پر تو کھلاڑیوں کے استقبال کا زبردست نظارہ دیکھنے کو ملا جہاں موجود ہزاروں لوگ تالیاں بجا بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔ کھلاڑیوں کو نوٹوں کی بھی مالا پہنائی گئی اور پھولوں کی بھی۔ ہندوستان نے کامن ویلتھ گیمز میں شوٹنگ جیسے کھیل کے نہیں ہونے کے بعد بھی 61 تمغے اپنے نام کیے ہیں۔ اس میں 22 طلائی تمغے ہیں۔ شوٹنگ میں ہندوستان بہت مضبوط ہے اور اس میں ہمیشہ سب سے زیادہ تمغے حاصل ہوتے رہے ہیں۔ بہر حال، کامن ویلتھ گیمز ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کے آنے سے پہلے ہی دہلی ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہو گئی تھی۔ 28 جولائی کو کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب تھی اور 8 اگست کو اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ ہندوستان کے لیے بجرنگ پونیا اور دیپک پونیا نے ریسلنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ان دونوں ریسلر کے ساتھ تصویر لینے کی ہوڑ دہلی ایئرپورٹ پر موجود لوگوں میں دیکھنے کو ملی۔ بجرنگ نے ٹوکیو گیمز میں بھی تمغہ جیتا تھا۔ برمنگھم سے ہندوستانی کھلاڑی پیر کی شب سے ہی لوٹنے لگے تھے۔ یعنی سبھی کھلاڑی ایک ساتھ نہیں لوٹے، وہ الگ الگ گروپ میں ہندوستان آئے۔ کچھ کھلاڑیوں کی تنہا بھی وطن واپسی ہوئی۔