عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیربرائے صحت، طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت بنیادی سطح پر طبی سہولیات کو مستحکم کرنے کے لئے موجودہ صحت بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کر رہی ہے۔وزیر صحت قانون ساز اسمبلی میں شگن پریہار کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے بتایا کہ اِس وقت ضلع ہسپتال کشتواڑ 100بستروں پر مشتمل ہسپتال کے طور پر کام کر رہا ہے جبکہ اسی ہسپتال کے موجودہ آئی پی ڈِی بلاک سے متصل مزید 100بستروں پر مشتمل نئی ہسپتال عمارت زیر تعمیر ہے۔وزیرموصوفہ نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں ٹراما سینٹر کی سہولیت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ کے قریب ترین ایک نامزد ٹراما کیئر سینٹر ’’ ٹھاٹھری ‘‘میں واقع ہے جو 30کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام ایمرجنسی معاملات کوڈِسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ کے ایمرجنسی روم میں سنبھالا جا رہا ہے جہاں ماہرانہ خدمات کے لئے سرجنوں، آرتھوپیڈک، اینستھیزیا کے ماہرین، فزیشنز، میڈیکل اَفسران اور پیرا میڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے موجود رہتے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ اِس وقت ڈِسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں 11کنسلٹنٹ ، 8میڈیکل اَفسران اور 2ڈینٹل سرجن کے علاوہ دیگر پیرا میڈیکل سٹاف تعینات ہے تاکہ مریضوں کو بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔وزیرموصوفہ نے مزید کہا کہ محکمہ صحت ڈاکٹروں اور طبی پیشہ ور اَفراد کی بھرتی کے عمل کو تیزی سے مکمل کر رہا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ماہ نومبر 2024 ء میں 365 منتخب اُمیدواروں کو جے اینڈ کے ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر (گزٹیڈ) سروسز میں بطور میڈیکل آفیسر تعینات کیا گیا جنہیں دُور دراز علاقوں میں تعینات کر کے وہاں صحت سہولیات کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ 91منتخب میڈیکل اَفسران کی ویٹنگ لسٹ کو بھی فعال کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں جموںوکشمیر یوٹی کے کم سہولیت یافتہ علاقوں میں تعینات کیا جا سکے۔مزید برآں، اُنہوں نے ایوان کو مطلع کیا کہ 181میڈیکل اَفسران اَسامیاں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن سے موصول ہونا باقی ہیں اور جیسے ہی یہ بھرتیاں مکمل ہوں گی، ان ڈاکٹروں کو ان طبی اداروں میں تعینات کیا جائے گا جہاں عملے کی کمی ہے۔